جعلی اکاؤنٹس، منی لانڈرنگ کیس کا ماسٹر مائنڈ اسلم مسعود جدہ میں گرفتار

01:36 PM, 23 Oct, 2018

اسلام آباد: ایف آئی اے ذرائع کے مطابق جعلی اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کے ماسٹر مائنڈ اور اومنی گروپ کے چیف فنانس آفیسر اسلم مسعود کو انٹرپول نے جدہ میں گرفتار کر لیا۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق جعلی بینک اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کیس میں چند روز پہلے اسلم مسعود کے ریڈ وارنٹ جاری کیے گئے تھے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے رابطہ کیا گیا تھا۔

ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹرپول نے جعلی بینک اکاؤنٹس، منی لانڈرنگ کیس کے ماسٹر مائند اور اومنی گروپ کے چیف فنانس آفیسر اسلم مسعود کو گزشتہ روز لندن سے جدہ پہنچنے پر ائیرپورٹ پر گرفتار کر لیا۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق انٹرپول کی جانب سے اسلم مسعود کی گرفتاری سے باضابطہ آگاہ کر دیا گیا اور اب ملزم کی حوالگی اور پاکستان واپسی کے لیے ایک سے دو روز میں ٹیم تشکیل دی جائے گی جو تمام قانونی تقاضے پورے کر کے ملزم کو پاکستان منتقل کرے گی جہاں اس سے مزید تفتیش کی جائے گی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ اسلم مسعود منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کے آغاز سے 9 جنوری کو پاکستان سے فرار ہوا تھا اور اس نے مختلف قومی شناختی کارڈز پر جعلی بینک اکاؤنٹس کھلوائے تھے۔ ان اکاؤنٹس کو کھلوانے میں بینک کے اعلیٰ افسران بھی ملوث ہیں۔

ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم اسلم مسعود کی گرفتاری بہت بڑی کامیابی ہے اور ملزم سے تفتیش کے دوران تمام راز افشا ہوں گے اور 35 ارب سے شروع ہو کر ایک کھرب تک جانے والے منی لانڈرنگ کیس میں سیاسی شخصیات کے گرد بھی تیزی سے گھیرا تنگ ہو رہا ہے جب کہ کیس میں آئندہ چند روز میں اہم گرفتاریوں کا بھی امکان ہے۔

مزیدخبریں