اسلام آباد: مسلم لیگ (ق) کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وزیر اعظم پاکستان چوہدر ی شجاعت حسین نے حلقہ این اے 104 کی یونین کونسل چیچیاں شمس کے معززین، مسلم لیگی ورکروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کی بہتری اور خرابی میں ملکی سلامتی اثر انداز ہو تی ہے، حکمرانوں کے غلط چال چلن اور مکروہ ایجنڈوں سے ملکی ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے، اداروں کو آپس میں لڑانے والے ملک سے مخلص نہیں بلکہ خود کو محفوظ بنانے کے لیے ملک کو داؤ پر لگا رہے ہیں.
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن ہونے کے حالات نظر نہیں آرہے اگر قومی حکومت بنتی ہے تو اس میں مسلم لیگ کا اہم کردار ہو گا ، ایسے عناصر جو ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والے ہوں نے ان کا ساتھ دینے کی بجائے ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے اور ملک دشمن قوتوں سے دوستی کی بجائے انہیں منہ توڑ جواب دیا جائے، پاک آرمی ملک سلامتی کے لیے دن رات محنت کرتی ہے اور آرمی سمیت سپریم کورٹ کے خلاف نعرے لگانیوالے اپنے گریبان میں جھانکیں.
چوہدری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ، آفرین ہے سپریم کورٹ پر جنہوں نے جرت مندانہ فیصلے دئیے ، ن لیگ کی طرف سے جو حالات پیدا کیے جار ہے ہیں اس کے باوجود صبر سے کام لیا جا رہا ہے ، مجھے آئندہ انتخابات ہوتے نظر نہیں آتے ۔