ممبئی :یسا لگتا ہے بولی وڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان کو اجے دیوگن کے ہاتھوں باکس آفس پر شکست کا سامنا ہے۔جی ہاں عامر خان کی سیکرٹ سپر اسٹار اور اجے دیوگن کی گول مال سیریز کی چوتھی فلم کے درمیان اس ہفتے باکس آفس میں ٹکراؤ ہوا جو واضح طور پر کامیڈی فلم جیتنے میں کامیاب نظر آتی ہے۔
اس سیریز کی چوتھی فلم گول مال اگین جمعہ کو ریلیز ہوئی تھی اور اس نے دو دن کے اندر 58 کروڑ انڈین روپے کما لیے ہیں۔اس کے مقابلے میں عامر خان کی فلم سیکرٹ سپر اسٹار جمعرات کو ریلیز ہوئی تھی اور اس نے تین دنوں میں 22.75 کروڑ انڈین روپے اپنے نام کیے ہیں۔
بولی وڈ فلموں کے باکس آفس اعدادوشمار شیئر کرنے والےترن ادریش نے دونوں فلموں کے باکس آفس نتائج ٹوئٹر پر شیئر کیے۔گول مال اگین میں اجے دیوگن، توشار کپور، ارشد وارثی، پرینیتی چوپڑا سمیت دیگر نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں اور اس فلم نے پہلے دن 30 کروڑ جبکہ ہفتہ کو 28 کروڑ روپے کمائے۔
گول مال کی پہلی تین فلموں کے مقابلے اس بار فلم کی کاسٹ ایک دوسرے سے الجھنے اور لڑنے کے ساتھ ساتھ جنات اور آتماؤں سے بھی مقابلہ کرتی ہے۔اس کے مقابلے میں عامر خان اور زائرہ وسیم کی فلم نے 4.8 کروڑ روپے پہلے دن، 9.30 کروڑ روپے دوسرے دن جبکہ تیسرے دن 8.65 کروڑ روپے کمائے۔
’سیکریٹ سپر اسٹار‘ کی کہانی ایک کم عمر مسلمان لڑکی کے گلوکارہ بننے کے گرد گھومتی ہے، جس کے والد نہیں چاہتے کہ وہ گائکی کی دنیا میں جائے، لیکن ان کی والدہ انہیں سپورٹ کرتی ہیں۔گول مال اگین نے بیرون ملک بھی پندرہ کروڑ روپے کمائے ہیں اور مجموعی طور پر اب تک 73 کروڑ روپے کماچکی ہے۔