اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے سینیٹر طلال چودھری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے بیان سے ملک کا مستقبل داؤ پر لگایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست اب غیر سیاسی افراد کے ہاتھوں میں ہے اور کل کے بیان پر انہیں شرم آنی چاہیے۔
ایک ویڈیو پیغام میں طلال چودھری کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کی سیاست جھوٹ اور منافقت پر مبنی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ سعودی عرب جو پاکستان کا دوست ملک ہے، اسے نشانہ کیوں بنایا جا رہا ہے؟ اگر سعودی عرب اتنا برا تھا تو اس سے تحفے کیوں لیے اور وہاں ڈرائیور کیوں بنے؟
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما ہمیشہ جھوٹ بول کر بیانیہ بناتے ہیں، اور یہ بیانیہ سائفر، آئی ایم ایف اور چین جیسے مسائل پر بنایا گیا۔ طلال چودھری نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی اپنے ذاتی مفاد کے لیے پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
طلال چودھری کا کہنا تھا کہ وفاق کسی بھی صوبے کو وفاق پر حملہ کرنے کی اجازت نہیں دے گا اور ملک کا امن و امان خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی