پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر، وفاقی دارالحکومت کے تمام داخلی راستے بند، سکیورٹی ہائی الرٹ

11:37 AM, 23 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کے تمام داخلی راستے بند کر دیے گئے ہیں، پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے اور سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ اسلام آباد کے اہم مقامات جیسے ایکسپریس وے، ڈی چوک اور زیرو پوائنٹ پر کنٹینرز لگا دیے گئے ہیں تاکہ مظاہرین کی پیش قدمی روکی جا سکے۔

میٹرو بس سروس آئی جے پی روڈ سے پاک سیکرٹریٹ تک بند رہے گی، جب کہ جڑواں شہروں میں مکمل طور پر میٹرو سروس معطل کر دی گئی ہے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد کے 33 مقامات پر سڑکیں بند کر دی گئی ہیں۔ 

اسلام آباد اور راولپنڈی کے تمام بس اڈے بھی بند کر دیے گئے ہیں، اور راولپنڈی میں تمام انٹر سٹی ٹرانسپورٹ اڈے تاحکم ثانی بند رہیں گے۔ مظاہرین سے نمٹنے کے لیے پولیس کی 30 ہزار اضافی نفری اسلام آباد پہنچ چکی ہے، جس میں پنجاب سے 19 ہزار، سندھ سے 5 ہزار، آزاد کشمیر سے 1 ہزار اور 5 ہزار ایف سی اہلکار شامل ہیں۔ یہ تمام نفری اسلام آباد پولیس کی معاونت کرے گی تاکہ امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کیا جا سکے۔ 

موٹروے کے 8 مقامات بھی بند کر دیے گئے ہیں، جبکہ لاہور میں بھی بس اڈے بند کر دیے گئے ہیں۔

مزیدخبریں