چیمپئنز ٹرافی 2025: آئی سی سی کا ہنگامی اجلاس طلب

12:45 AM, 23 Nov, 2024

اسلام آباد :چیمپئنز ٹرافی 2025 کے انعقاد کے حوالے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 26 نومبر کو ایک ہنگامی ورچوئل اجلاس طلب کرلیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے حکام شریک ہوں گے۔ اجلاس میں پاک بھارت میچز کے انعقاد کے لیے ممکنہ ہائبرڈ ماڈل پر بات چیت ہونے کا امکان ہے۔


سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر کا بھارتی میڈیا کو دیا گیا انٹرویو وائرل ہوگیا ہے۔ انٹرویو میں شعیب اختر نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے سلسلے میں دونوں ممالک کے درمیان بیک چینل مذاکرات جاری رہیں گے اور حل کے لیے انتظار کرنا ہوگا۔

انہوں نے واضح کیا کہ آئی سی سی میں بھارت کا اثر و رسوخ زیادہ ہے کیونکہ 95 سے 96 فیصد اسپانسرشپ بھارتی مارکیٹ سے آتی ہے، جس کی وجہ سے بھارتی کرکٹ بورڈ زیادہ دباؤ ڈالنے کی پوزیشن میں ہوتا ہے۔

شعیب اختر نے مزید کہا کہ پاک بھارت ٹیموں کی شرکت کا فیصلہ حکومتوں کے ہاتھ میں ہے، اور کوئی کرکٹ بورڈ اس حوالے سے خود فیصلہ نہیں کرسکتا۔


شعیب اختر نے کہا کہ اگر بھارتی ٹیم پاکستان آکر کھیلتی ہے تو یہ دونوں ممالک کے کرکٹ شائقین کے لیے ایک یادگار لمحہ ہوگا۔ انہوں نے تصور پیش کیا کہ ویرات کوہلی پاکستان میں سینچری بنا رہے ہیں، جو کرکٹ کے لیے ایک بڑی کامیابی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کی کامیاب میزبانی پاکستان کے لیے مستقبل میں ورلڈکپ جیسے بڑے ایونٹس کی میزبانی کی راہ ہموار کرسکتی ہے۔


آئی سی سی کے ہنگامی اجلاس کے بعد یہ واضح ہوگا کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کے انعقاد اور پاک بھارت میچز کے حوالے سے کیا پیش رفت ہوتی ہے۔
 
 

مزیدخبریں