اسلام آباد: توہین الیکشن کمیشن و چیف الیکشن کمشنر کیس میں نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ، فوادچوہدری اوراسد عمر پر فرد جرم آج بھی عائد نہ ہو سکی، سماعت تیس نومبرتک ملتوی کردی گئی۔
ممبرنثاردرانی کی سربراہی میں چاررکنی کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن اورتوہین چیف الیکشن کمشنر کیس کی سماعت کی ، کمیشن کا کہنا ہے کہ اگلی سماعت پر معاملہ نمٹا دیں گے۔
وزارت داخلہ کے سیکشن آفیسرخالد نعیم نے جیل ٹرائل سے متعلق رپورٹ کمیشن میں جمع کرائی ۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے وکیل شعیب شاہین نے موقف اپنایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا مختصر آرڈر آیا ہے، تفصیلی فیصلہ آنا باقی ہے، 28 نومبر کیلئے چیئرمین پی ٹی آئی کے پروڈکشن آرڈرز جاری ہوئے ہیں ۔
جس پر ممبرالیکشن کمیشن نے کہاکہ یہ جیل میں پہلا ٹرائل نہیں ، چلیں اس پرہم کوئی آرڈرپاس کردیتے ہیں.
فوادچوہدری کے وکیل نے کیس خارج کرنے کی استدعا کی تو ممبر کمیشن نے کہاکہ اب تو کیس چل رہا ہے کیسے ختم کرسکتے ہیں؟ جبکہ اسد عمرکے وکیل نے بتایاکہ اسد عمر کراچی میں ہیں۔
بعد ازاں الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت تیس نومبر تک ملتوی کردی ۔