اسلام آباد: حکمران اتحاد میں شامل جماعتوں نے آرمی چیف کی تعیناتی کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اتحادی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں اتحادی جماعتوں کے قائدین و رہنما نے شرکت کی۔
اجلاس میں ملکی سیاسی اور اہم تعیناتیوں کے حوالے سے مشاورت کی گئی اور وزیراعظم نے اتحادی جماعتوں کے قائدین کواہم تعیناتیوں سے متعلق اعتماد میں لیا۔
اجلاس میں شریک اتحادی جماعتوں کے پارٹی سربراہان اور رہنماو¿ں نے آرمی چیف کی تعیناتی کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔
جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے صدر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وزیراعظم جو فیصلہ کریں گے، جے یو آئی ساتھ کھڑی ہے۔
سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ اللہ نے آپ کو عزت اور منصب سے نوازا ہے، اہم تقرری کرنا آپ کا آئینی حق ہے، ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی وزیراعظم کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہر فیصلے میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ذرائع کے مطابق شاہ زین بگٹی نے بھی وزیراعظم پر اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ دستور نے آپ کو ذمہ داری دی ہے، ہم آپ کے فیصلوں کی تائید و حمایت کرتے ہیں، مشاورت کرنا آپ کی جمہوری سوچ کا مظہر ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءاور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھاکہ تمام جماعتوں کا وزیراعظم شہباز شریف پر مکمل اعتماد ہمارے لئے باعث فخر ہے۔
آرمی چیف کی تعیناتی، اتحادی جماعتوں کا وزیراعظم پر بھرپور اعتماد کا اظہار
09:48 PM, 23 Nov, 2022