پشا ور: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے سمدھی حاجی غلام علی نے خیبرپختونخوا کے نئے گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر کی منظوری کا اعلامیہ جاری ہونے کے فوری بعد گورنر ہاؤس میں حلف برداری کی تقریب کا انعقاد ہوا اور چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ قیصر رشید نے نئے گورنر سے حلف لیا۔
تقریب میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے صدر مولانا فضل الرحمن، پی پی کے صوبائی قائدین سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی جبکہ وزیراعلیٰ سمیت صوبائی وزرا حلف برداری کی تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔
خیبرپختونخوا کے نئے گورنر کیلئے جے یو آئی سے تعلق رکھنے والے حاجی غلام علی کا نام ارسال کیا گیا تھا جس پر صدر مملکت کی جانب سے گزشتہ روز منظوری دی گئی تھی۔
حلف برداری کی تقریب کے بعد خطاب کرتے ہوئے نومنتخب گورنر نے کہا کہ صوبے میں گورنر راج کی نوبت نہیں آئے گی، یہ لوگ ٹھیک ہوجائیں گے، ہم سیاسی لوگ ہیں ایک دوسرے کے دشمن نہیں، وفاق اور صوبے کے درمیان بہتری کی کوشش کروں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاق اور صوبے کے درمیان کھینچا تانی ختم کرنے کی کوشش کروں گا، ایک گھر میں بیٹا بھی گالیاں دے تو باپ پیسے نہیں دیتا، صوبے کو اس کا حق بھی ملے گا اور قبائلیوں کا احساس محرومی بھی دور کریں گے۔
مولانا فضل الرحمن کے سمدھی حاجی غلام علی نے بطور گورنر حلف اٹھا لیا
09:05 PM, 23 Nov, 2022