فیفا ورلڈ کپ میں سمندری سرحد کے تحفظ کیلئے پاک بحریہ کا جہاز دوحہ پہنچ گیا

08:13 PM, 23 Nov, 2022

نیوویب ڈیسک

دوحہ: خلیجی ملک قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ میں سمندری سرحد کے تحفظ کیلئے پاک بحریہ کا جہاز دوحہ پہنچ گیا ۔

مقامی میڈیا کے مطابق پاک بحریہ کا جنگی جہاز ’تبوک‘ فٹ بال عالمی کپ کے دوران قطری حکومت کو سمندری سرحد کے تحفظ میں تعاون فراہم کرنے کیلئے دوحہ کی بندرگاہ پہنچ چکا ہے، قطری بندرگاہ آمد پر پاکستانی سفارتی عملے اور میزبان ملک کی بحریہ کے اعلیٰ حکام نے پاکستانی بحری جہاز کا استقبال کیا۔

اس حوالے سے پاک بحریہ کے ترجمان نے کہا کہ فیفا عالمی کپ کے موقع پر پاک بحریہ کے جہاز کا سمندری تحفظ میں تعاون پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر اعتماد ظاہر کرتا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے ہمیشہ خلیجی ممالک کو ان کی سیکورٹی ضروریات کے ساتھ ساتھ افرادی قوت فراہم کرنے میں بھی کافی مدد کی ہے اور کئی بار عرب خلیجی ممالک کے لیے اپنے فوجی بھیجے ہیں، یہی وجہ ہے کہ فیفا ورلڈ کپ میں سکیورٹی کے لیے بھی قطر کا زیادہ تر انحصار پاکستانی فوج پر ہے۔

پاکستان کے ایک سینیئر سکیورٹی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ تعیناتی قطری حکومت کی خصوصی درخواست پر کی گئی ہے اور دوحہ کے حکام نے قطر کے ساتھ پاکستانی فوج کے تعلقات کو مد نظر رکھتے ہوئے فوج کی اتنی بڑی تعداد کا مطالبہ کیا تھا۔

مزیدخبریں