اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ سانحہ مشرقی پاکستان فوجی نہیں سیاسی ناکامی تھی ۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جی ایچ کیو میں یوم دفاع اور یوم شہداء کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فوج کی سیاست میں مداخلت غیر آئینی ہے ۔ فروری میں فیصلہ کیا کہ فوج اب سیاسی عمل سے دور رہے گی لیکن ایک طبقہ اس فیصلے پر تنقید کر رہا ہے ۔ اس طبقے کی جانب سے فوج پر تنقید کی گئی اور بلاجواز پراپیگنڈا کیا گیا ۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں سب سے زیادہ انسانی حقوق کی پامالی بھارتی فوج کرتی ہے لیکن اس کے عوام اسے بہت کم تنقید کا نشانہ بناتے ہیں، اس کے برعکس دن رات عوام کی خدمت میں مصروف پاک فوج پر بہت زیادہ تنقید کی جاتی ہے ۔
آرمی چیف نے کہا کہ یہ ناممکن بالکل گناہ کبیرہ ہے کہ ملک میں کوئی بیرونی سازش ہو اور فوج ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھی رہے ۔ جنرل باجوہ نے کہا کہ فوج اور عوام میں دراڑ ڈالنے کی کوشش کرنے والے ہمیشہ ناکام ہوں گے، فوج کے پاس اس یلغار کا جواب دینے کے لیے متعدد مواقع اور وسائل تھے لیکن اس نے ملکی مفاد میں حوصلے کا مظاہرہ کیا اور منفی بیان دینے سے گریز کیا، لیکن سب کو ذہن نشین کرلینا چاہیے کہ صبر کی بھی ایک حد ہے ۔