راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماؤں نے عمران خان کو لیاقت باغ راولپنڈی میں جلسے سے منع کر دیا ہے جس کے بعد متبادل جگہ کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی راولپنڈی میں جلسے کیلئے جگہ کی تلاش میں سرگرم ہے کیونکہ پی ٹی آئی رہنماؤں نے عمران خان کو لیاقت باغ جلسے سے منع کر دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ لیاقت باغ جلسوں کی تاریخ اچھی نہیں۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ لیاقت باغ کسی بھی صورت متبادل جگہ کے طور پر قبول نہیں جس کے باعث اب عمران خان لیاقت باغ میں جلسہ اور خطاب نہیں کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ راولپنڈی انتظامیہ سے آج جگہ کے تعین کیلئے مذاکرات ہوں گے اور اسد عمر اور شبلی فراز پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ راولپنڈی انتظامیہ سے بات چیت کریں گے جس کے بعد جلسے کی جگہ کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔