گوادر:وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا بلوچستان پاکستان کی ترقی کا راستہ ہے ،بلوچستان میں امن و امان قائم کرکے سرمایہ کاروں کیلئے راہ ہموار کی ہے کیونکہ سرمایہ کار صرف امن و امان دیکھتا ہے جس کیلئے ہم نے سازگار ماحول پیدا کیا ہے ۔
آٹھویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع ہیں،گوادر دنیا کی بہترین گہرے سمندر کی بندر گاہ ہے، گوادر بلوچستان کا نقشہ تبدیل کردے گا،انہوں نے کہا امن و امان کے حوالے سے مجموعی طور پر پاکستان میں امن ہے، بلوچستان میں جغرافیہ کے حوالے سے امن وامان ایک بڑا چیلنج ہے اور سرمایہ کارصرف امن وامان کو دیکھتا ہے جس کیلئے ہی ہم نے ساز گار ماحول پیدا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں پائیدار امن کے لئے ایک کلیدی کردار ادا کیا ہے،ہم نے تقریباً ایک لاکھ افغان شہر یوں کوافغانستان سے نکلنے میں مدد دی ،افغانستان کے حالات چند دنوں میں تبدیل نہیں ہوسکتے، معاملات مذاکرات سے حل ہونے چاہئیں۔
شیخ رشید نے دنیا پر واضح کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے امن امان کے لئے80 ہزار جانوں کی قربانی دی،دہشت گردی کی جنگ میں پاکستان نے 150 ارب ڈالر کا معاشی نقصان اٹھایا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ افغان مہاجرین کی واپسی کا زیادہ انحصار افغانستان کے معاشی حالات کی بہتری پر ہے،چالیس لاکھ افغان مہاجرین کی چار دہائیوں سے دیکھ بھال کر رہے ہیں۔