اسلام آباد: پاکستان اور عمان نے سیاحت کو فروغ اور تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان فیری سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق پاکستان میں تعینات عمانی سفیر محمد عمر احمد کی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد سے ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات اور تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سمندری راستہ بحال اور فیری سروس شروع کرنے پر بات چیت ہوئی۔
شیخ رشید احمد نے عمانی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان تعلقات اسلامی بھائی چارے جبکہ باہمی اعتماد پر قائم ہیں، پاکستان عمان کے شہریوں کو پاکستان میں تجارت اور سیاحت کے لیے ویزہ شرائط میں نرمی کے لیے تیار ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ تجارت اور سیاحت کے خواہش مند عمانی شہریوں کو ویزہ کے حوالے سے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔
اس موقع پر مہمان سفیر نے کہا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان فیری سروس کا آغاز جلد ہو گا جبکہ جس سے دو طرفہ تجارت اور سیاحت کو بے پناہ فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیری سروس کی مدد سے پاکستان سے عازمین حج و عمرہ باآسانی حرمین شریفین بھی جا سکیں گے۔