ڈھاکہ: پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا تیسرا ٹی 20 میچ انتہائی ڈرامائی انداز میں اختتام پذیر ہوا اور پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد فتح حاصل کر کے سیریز بھی وائٹ واش کر دی۔
میچ کے آخری اوور کے دوران جہاں تماشائی حیران وپریشان نظر آئے وہیں، دونوں ٹیمیں بھی جیت کیلئے خوب جان لڑاتی نظر آئیں، آخری اوور میں تین وکٹوں اور افتخار احمد کے چھکے نے تو میچ کو دلچسپ بنایا ہی مگر محمد نواز کی جانب سے آخری گیند کو چھوڑنا اور گیند کا وکٹ کو لگنا میچ کو مزید سنسنی خیز بنا گیا۔
بنگلہ دیشی کپتان محمود اللہ کی آخری گیند پر کریز پر موجود پاکستانی کھلاڑی محمد نواز نے گیند کو چھوڑ دیا اور گیند وکٹ پر لگ گئی جس کے بعد بنگلہ دیشی کھلاڑیوں نے آؤٹ کی اپیل کی مگر فیلڈ پر موجود امپائر تنویر احمد نے گیند کو ڈیڈ بال قرار دیا جس کے بعد نواز نے آخری گیند پر چوکا مار کر پاکستان کو کامیابی دلوائی۔
تاہم پاکستانی شائقین کرکٹ اس بات پر حیران ہیں کہ آخر محمد نواز کیوں وہ گیند چھوڑ کر سائیڈ پر ہو گئے جس کا جواب اب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں خود محمد نواز نے ہی دیدیا ہے۔ محمد نواز نے کہا کہ میں ابھی نیچے ہی دیکھ رہا تھا کہ باؤلر نے بال کروادی اور بال آدھی ہی میرے قریب آئی تھی کہ میں ایک سائیڈ پر ہو گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سب کے ذہن میں یہی تھا کہ اس وقت ہم سنگل لیں لیکن میری کوشش تھی کہ گیپ دیکھ کر باؤنڈری لگاؤں تاکہ میچ جیت سکیں اور میں اس میں کامیاب بھی ہو گیا جس کے باعث پاکستان کو ناصرف میچ میں کامیابی ملی بلکہ سیریز بھی وائٹ واش کر لی۔
Mohammad Nawaz and Shahnawaz Dahani review third #BANvPAK T20I match #HarHaalMainCricket pic.twitter.com/XNYQZgE4IP
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) November 22, 2021