لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب میں 3 دن سرکاری اور پرائیوٹ سکولز بند رکھنے کے حوالے سے محکمہ تعلیم اور محکمہ ہائیر ایجوکیشن تاحال کوئی نوٹیفکیشن جاری نہ کر سکا جبکہ پرائیویٹ سکولز کی تنظیموں نے پیر کی چھٹی پر اعتراض اٹھا دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ریلیف کمشنر پنجاب نے فضائی آلودگی کو روکنے کیلئے تعلیمی اداروں میں ہفتہ وار 3 چھٹیاں دینے کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا مگر محکمہ تعلیم اور محکمہ ہائیر ایجوکیشن اس سلسلے میں تاحال کوئی نوٹی فکیشن جاری نہ کر سکے۔
ریلیف کمشنر پنجاب کے نوٹیفیکیشن کے تحت ہفتہ ،اتوار کے ساتھ پیر کے روز بھی سرکاری ،پرائیوٹ تعلیمی ادارے، سکولز، کالجز اور اکیڈمیز نہیں کھولے جائیں گے جبکہ نوٹی فکیشن پر 27 نومبر سے عملدرآمد کروانے کا حکم بھی جاری کیا گیا۔
دوسری جانب محکمہ تعلیم اور محکمہ ہائیر ایجوکیشن کی جانب سے تاحال ہفتہ وار 3چھٹیوں کا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا جبکہ پرائیوٹ سکولز مالکان نے 3 چھٹیوں کے نوٹیفکیشن پر اعتراض اٹھا دیااور کہاکہ ایک اضافی چھٹی طالب علموں کے ساتھ زیادتی ہے، طالب علم پہلے ہی تعلیمی لحاظ سے کمزور ہیں۔