ڈھاکہ: پاکستان ٹیسٹ سکواڈ آج بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ سے چٹاگانگ روانہ ہوگا جبکہ ٹی 20 سیریز وائٹ کرنے والے قومی سکواڈ کے کھلاڑی آج ڈھاکہ سے بذریعہ دبئی وطن واپس روانہ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق وطن واپس آنے والے کھلاڑیوں میں شاداب خان، آصف علی، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، افتخار احمد، خوشدل شاہ، وسیم جونیئر اور شاہ نواز دھانی شامل ہیں۔ قومی ٹی 20 سکواڈ میں شامل سپنر عماد وسیم اور عثمان قادر دبئی میں ہی کچھ روز قیام کریں گے جبکہ شعیب ملک پہلے ہی بیٹے کی خراب طبیعت کے باعث دبئی روانہ ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب قومی ٹیسٹ سکواڈ آج دوپہر چٹاگانگ روانہ ہوگا جہاں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ 26 نومبر سے شروع ہو گا جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ 4 دسمبر سے ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے باؤلنگ کنسلٹنٹ ویرنون فیلنڈر پہلے ٹیسٹ کے بعد سکواڈ سے علیحدہ ہوجائیں گے اور یکم دسمبر کو واپس جنوبی افریقہ روانہ ہوجائیں گے۔