اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو کا فرانزک کروایا جائے تاکہ حقیقت دنیا کے سامنے آئے ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ وہ آواز ثاقب نثار کی نہیں ، انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہم نے حلف نامہ یا آڈیو بنائی ہے تو ہمیں سزا دیں اگر حلف نامے میں کی گئی بات درست ہے تو سابق چیف جسٹس کو سزا دیں ، اگر وہ آڈیو غلط ہے تو رانا شمیم کو سزا دیں ۔ عدالت انصاف کے تضاضے پورے کرتے ہوئے اس آڈیو کی فرانزک کروائے ۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ نواز شریف اور مریم کو ایک حکم اور سازش کے تحت سزا دلوائی گئی ۔ حکومتی کرپشن ، مہنگائی اور ملکی حالات سب کے سامنے ہیں ۔ عدلیہ میں جو کچھ ہو رہا ہے، وہ پورا ملک دیکھ رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو پیچھے لے جانے میں نیب کا بڑا کردار ہے ۔ مہنگائی عروج پر ہے ، کوئی پوچھنے والا نہیں ۔ مہنگائی حکومت اور عمران خان کی ناکامی ہے ۔