کراچی: شہر قائد میں 15 منزلہ نسلہ ٹاور کو گرانے کا کام شروع کیے جانے کے بعد اچانک روک دیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی کے احکامات پر ڈپٹی کمشنر ایسٹ ، ضلعی انتظامیہ اور ایس بی سی اے ڈیمولیشن اسکواڈ نے نسلہ ٹاور کو گرانے کی کارروائی کا آغاز کیا ۔
افرادی قوت کی مدد سے عمارت کی مختلف منزلوں پر کارروائی کرکے کھڑکیاں اور دروازے نکال دئیے گئے ، عمارت کا ملبہ گرنا شروع ہوا تو ممکنہ حادثات کے خدشات کے پیش نظر آپریشن مؤخر کرنا پڑا ۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے نسلہ ٹاور کو بارود سے گرانے کا حکم دے رکھا ہے جس کے لیے کمشنر کراچی کو مختلف کمپنیوں کی جانب سے پیشکشیں بھی کی گئی ہیں ۔
24 نومبر کو نسلہ ٹاور گرانے سے متعلق کیس کی سماعت بھی ہونی ہے ۔ جبکہ سندھ اسمبلی میں رہائشی منصوبوں کو گرانے سے بچانے کے لیے قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی ہے ۔