٭ میڈیا مثبت تنقید کرے (وزیراعظم عمران خان)
o جو صرف ہم سے پوچھ کر ہی کی جا سکتی ہے!
٭ نوجوان ہمت نہ ہاریں (وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر)
0 کیونکہ حکومت بہت جلد نوجوانوں کے لئے تجربہ کار حکیموں کی خدمات حاصل کرنے والی ہے!
٭ سندھ میں ڈکیت مسلط ہیں۔ (ڈاکٹر شہباز گل‘ ترجمان وزیراعظم)
o تو پنجاب میں کیوں نہیں ہو سکتے؟؟؟
٭ احتجاج کرنے والوں کے ہاتھوں میں کچھ نہیں آئے گا (سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا)
o کیونکہ ہم سب کچھ تحریک لبیک کے ہاتھوں میں دے چکے ہیں!
٭ پیپلزپارٹی جمہوریت کے لئے مردانہ وار لڑے گی (بلاول بھٹو زرداری)
o اور اس مقصد کے لئے ہم ”زنانہ وار“ حاضر ہیں!
٭ جنسی جرائم میں اضافہ لمحہ فکریہ ہیں (وزیراعظم عمران خان)
o اس عمر میں لمحہ فکریہ ہی ہونے چاہئیں!
٭ تحریک لبیک نے اپنے اقدامات پر حکومت سے معذرت کر لی (ایک خبر)
o اور حکومت حیران ہے تحریک لبیک نے اپنے کون سے اقدامات پر معذرت کی؟؟
٭ ڈینگی کے مریضوں کا بہترین علاج کیا جا رہا ہے (وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد)
o اور یہ بات مجھے ٹی بی کے مریضوں نے بتائی ہے!
٭ پی ٹی آئی ملک کی واحد جماعت ہے جس نے صحت پر توجہ دی (وزیر دفاع پرویز خٹک)
o اس بات کا اندازہ آپ میری صحت سے بھی لگا سکتے ہیں!
٭ عمران خان کی حکومت کو کسی سے کوئی خطرہ نہیں (وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد)
o اس لئے میں نے حریم شاہ کو کھلم کھلا کہہ دیا ہے ”بکواس بند کرو“!
٭ شہباز شریف سے ہاتھ ملانا کرپشن تسلیم کرنا ہوگا (وزیر اعظم عمران خان)
o چلیں آپ ہاتھ نہ ملائیں دل ملا لیں۔
٭کشمیریوں نے آزادی کے لئے لازوال قربانیاں دیں (وفاقی وزیر امور کشمیر گنڈا پور)
o چنانچہ وہ ہماری ”خصوصی شہد“ کے مستحق ہیں!
٭ مفرور (نوازشریف) سے خطاب کروانا ججوں کی توہین ہے (وفاقی وزیر فواد چوہدری)
o جبکہ نااہل سے حکومت کروانا بہترین ہے!
٭ لاہور کو دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار دے دیا گیا (ایک خبر)
o خاکروب اعلیٰ کو کیا فرق پڑتا ہے اس سے؟؟؟
٭ پنجاب میں آٹے کی قلت نہیں (محکمہ خوراک پنجاب)
o قلت صرف ایمانداری کی ہے!!
٭ نوازشریف صحت مند ہیں گھوڑوں کو آگے لگایا ہوا ہے (کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر)
o اور گدھوں کو پیچھے لگایا ہوا ہے!
٭ ملک کو ”کھائی“ سے نکالیں گے (نوازشریف)
o اور اس مقصد کے لئے ”کھائی“ جائیں گے!
٭ ای وی ایم مشینوں سے کچھ نہیں نکلے گا (مولانا فضل الرحمن)
o چیک تو کریں …… شاید ڈیزل نکل آئے……
٭ حکومت حماقتیں کر رہی ہے (شہباز شریف)
o جبکہ ہم چاہتے ہیں ”شفقتیں“ کرے!
٭ معزز ججوں کو سیاست سے دور رہنا چاہیئے (مشیر احتساب شہزاد اکبر)
o اور ا گر نزدیک ہی آنا ہے تو ہمارے ذریعے آئیں!
٭ وزیراعظم کرپشن کے خلاف جہاد کر رہے ہیں (شاہ محمود قریشی وفاقی وزیر خارجہ)
o اگر انہوں نے جہاد ختم کر دیا کرپشن بھی ختم ہو جائے گی!
٭ مر جائیں گے مگر ظالم کی حمایت نہیں کریں گے (مولانا سعد رضوی)
o اپنی حمایت آپ خود نہیں کریں گے تو کون کرے گا؟؟؟
٭ وفاقی کابینہ نے تحریک لبیک بحالی کی منظوری دے دی (ایک خبر)
o ممکن ہے اب وفاقی کابینہ تحریک لبیک کے ہاتھوں شہید ہونے والے پولیس ملازمین کی ”شہادت“ واپس لینے کی منظوری بھی دے دے!
٭ عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں نواز شریف کے خطاب کے دوران تاریں کاٹ دی گئیں (ایک خبر)
o شکر ہے زبانیں نہیں کاٹ دی گئیں!
٭ کردار کشی پر مبنی رپورٹنگ قابل افسوس ہے (سابق مشیر فردوس عاشق اعوان)
o حالانکہ مجھے فائدہ ہمیشہ اس قسم کی رپورٹنگ سے ہوا ہے۔
٭ اسلام آباد میں 1122 ریسکیو سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے (وفاقی وزیر شیخ رشید احمد)
o کیونکہ مجھے جلد اس کی ضرورت پڑ سکتی ہے!
٭ ایک ایماندار ایس پی پورا ضلع ٹھیک کر سکتا ہے (وزیراعظم عمران خان)
o جبکہ ایک ایماندار وزیراعظم پورا ضلع بھی ٹھیک نہیں کر سکتا!
٭ مفت تعلیم ریاست کی ذمہ داری ہے (سپریم کورٹ)
o جبکہ انصاف کی مفت فراہمی کسی کی ذمہ داری نہیں ہے!
٭ حکومت اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہی (مریم نوازشریف)
o اور یہ ہمارے لئے شکر کا مقام ہے!
جواب عرض ہے!
09:11 AM, 23 Nov, 2021