گلگت : گلگت بلتستان کے انتخابی نتائج کیخلاف پیپلزپارٹی سراپا احتجاج ہیں۔ آج بھی جیالوں نے گلگت کی مرکزی شاہراہ ایئر پورٹ ، ڈومیال چوک مظاہرے کے باعث بند کردی ۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے احتجاج کے دوران نامعلوم افراد نے 3 گاڑیوں اور فاریسٹ آفس کو آگ لگا دی۔ مظاہرین نے پیپلز پارٹی سیکرٹریٹ کے سامنے ٹائر جلاکر احتجاج بھی کیا۔ گلگت کی مرکزی شاہراہ ایئر پورٹ ، ڈومیال چوک مظاہرے کے باعث بندکر دیا گیا۔
احتجاج کرنے والے مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا جس کے جواب میں پولیس نے شیلنگ کی ۔ پولیس کی شیلنگ کے بعد مظاہرین بھپر گئے۔ جس پر انہوں نے سٹی مجسٹریٹ کی گاڑی پر بھی پتھراؤ کیا لیکن مجسٹریٹ گاڑی میں موجود نہیں تھے۔
احتجاج کرنے والوں پر بات کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ سو سے زائد دن ملک کو یرغمال رکھنے والے پیپلز پارٹی کا پر امن احتجاج برداشت نہیں کرپائے جبکہ ن لیگی رہنما رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ حکومت کو جس بیساکھی کا سہارا ہے انہیں میسر نہیں ہونی چاہئیے۔