لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزشن کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں، یہ عناصر ملک کو درست سمت پر چلتا دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ اپوزیشن جماعتیں انتشار پھیلا کر ذاتی ایجنڈا کی تکمیل چاہتی ہیں۔
سردار عثمان بزدار کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) صرف سازشوں میں مصروف ہے۔ عمران خان نے ماضی کی خرابیوں کو درست کیا ہے۔ موجودہ حکومت روزانہ کی بنیاد پر فلاحی منصوبوں کا افتتاح کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں پاکستان کی ترقی روکنے کے درپے ہیں۔ یہ عناصر ملک کو درست سمت پر چلتا دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ ماضی میں انہی جماعتوں نے اقتدار میں رہ کر معیشت کو تباہ کیا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے ماضی کی حکومتوں کی خرابیوں کو درست کیا ہے۔ آج ملک درست سمت کی جانب بڑھ رہا ہے، جس کا کریڈٹ وزیراعظم عمران خان کو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز درپیش ہیں۔ موجودہ نازک حالات میں افراتفری کی سیاست غیر دانشمندانہ اور ملکی مفادات کے منافی ہے۔ عوام منفی سیاست کےبجائے ملک کو آگے بڑھتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان جرات اور دانش سے عوام کی امنگوں کے مطابق ملکی مفاد میں فیصلے کر رہے ہیں۔ اپوزیشن سن لے، لوٹ مار کا دور اب کبھی واپس نہیں آئے گا۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان اپنی اصل منزل پائے گا۔