راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ناروے میں قرآن پاک کو بے حرمتی سے روکنے والے نوجوان الیاس کو سلام پیش کیا ہے۔ ناروے میں ایک اسلام مخالف تنظیم سے تعلق رکھنے والے شخص نے کرستیان ساند شہر کے پر رونق علاقے میں پہلے ایک مجمع لگایا اور پھر لوگوں کے سامنے قرآن کریم کو نذر آتش کر کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا۔
مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن کریم کو آتشزدگی سے بچانے کے لیے نوجوان ’غازی اسلام‘ الیاس تیزی سے آگے بڑھا اور اسلام مخالف شخص کو قرآن پاک کی بے حرمتی سے روکا۔
نوجوان نے اسلام مخالف شخص کو روکنے کوشش کی تو پولیس اس لڑکے کو روکنے اور اس ملعون کو لڑکے سے بچانے کے لیے حرکت میں آئی۔
اس حوالے سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر ایک ٹوئٹ کیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے ٹوئٹ میں قرآن پاک کو بے حرمتی سے روکنے والے الیاس کی بہادری کو سراہتے ہوئے انہیں سلام پیش کیا۔
Salute to brave #Ilyas for displaying courage to stop an absolutely deplorable action. Such Islamophobia based provocations only promote hatred & extremism. All religions are and must stay respectable. Islamophbia is threat to global peace and harmony.#TheGloriousQuran#Norway pic.twitter.com/CRahq5mazf
— Asif Ghafoor (@peaceforchange) November 22, 2019
میجر جنرل آصف غفور نے لکھا کہ ’ایسی اسلامو فوبیا پر مبنی اشتعال انگیزی صرف نفرت اور انتہا پسندی کو فروغ دیتی ہے‘۔ انہوں نے مزید لکھا کہ تمام مذاہب قابلِ عزت ہیں، اس طرح کی حرکت عالمی امن اور ہم آہنگی کے لیے خطرہ ہے۔
اس حوالے سے ناروے میں مقیم پاکستانیوں کی اہم سماجی و ثقافتی تنظیم ’’پاکستان یونین ناروے‘‘ کے چیئرمین چوہدری قمر اقبال نے ناروے کے شہر کرستیان ساند میں رواں ہفتے قرآن کریم کی بے حرمتی کے واقعے پر سخت تشویش ظاہر کی ہے۔دوسری جانب اس واقعے پر ترکی کی جانب سے بھی شدید مذمت کی گئی ہے۔
ناروے میں مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن کریم کی آتش سوزی کے واقعہ سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے اور دنیا بھر کے مسلمانوں کی جانب سے الیاس کی بہادری کو سراہنے کے ساتھ ساتھ اس وقعے پر شدید مذمت بھی کی جا رہی ہے۔