خورشید شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 15 روز کی توسیع

11:09 AM, 23 Nov, 2019

سکھر: احتساب عدالت نے پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع کر دی۔ نیب حکام نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کو احتساب عدالت میں پیش کیا اور مزید 15 روز کے جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا کی۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ خورشید شاہ کا موبائل فون فرانزک کیلئے بھیجا گیا ہے۔ فرانزک مکمل ہونے پر خورشید شاہ کا موبائل واپس کیا جا سکے گا۔

کیس کی مختصر سماعت کے بعد عدالت نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے خورشید شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع کر دی جب کہ عدالت نے نیب کو ہدایت کی کہ ملزم کو 7 دسمبر کو دوبارہ پیش کیا جائے۔

دورانِ سماعت جج نے خورشید شاہ سے سوال کیا آپ کی طبیعت کیسی ہے۔ اس پر پی پی رہنما نے جواب دیا کہ اب میری طبیعت کچھ بہتر ہے اور اسپتال میں علاج جاری ہے۔

جج نے مزید پوچھا کہ شاہ صاحب آپ کو کوئی پریشانی یا تکلیف تو نہیں ہے۔ اس پر خورشید شاہ نے کہا کہ الحمد للہ فی الحال کوئی پریشانی یا تکلیف نہیں۔

مزیدخبریں