وزارت خزانہ نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے اعداد و شمار جاری کردئیے

11:40 PM, 23 Nov, 2018

اسلام آباد : وزارت خزانہ نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے اعداد و شمار جاری کردئیے جس کے مطابق پہلی سہ ماہی میں بجٹ خسارہ 1.4 فیصد رہا۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ایف بی آر نے 886 ارب 58 کروڑ کے محصولات جمع کیے، صوبوں نے 88 ارب 62 کروڑ روپے کے ٹیکس جمع کیے، نان ٹیکس ریونیو وفاق نے 112 ارب، صوبوں نے 14 ارب 79 کروڑ روپے جمع کیے۔

وزارت خزانہ کے مطابق حکومت کی مجموعی آمدنی 1102 ارب روپے، اخراجات 1643 ارب 44 کروڑ روپے رہے، حکومت کے جاری اخراجات 1480 ارب روپے رہے۔قرضوں پر سود کی ادائیگی میں 507 ارب، دفاعی اخراجات 219 ارب 39 کروڑ روپے رہے جبکہ حکومت کا بجٹ خسارہ 541 ارب 88 کروڑ روپے رہا۔

وزارت خزانہ کے مطابق بجٹ خسارہ پورا کرنے کے لیے مقامی مارکیٹ سے 330 ارب 90 کروڑ روپے کا قرض لیا، خسارہ پورا کرنے کے لیے بیرونی مارکیٹ سے بھی 210 ارب 77 کروڑ روپے کا قرض لیا گیا ، جاری کردہ بیان کے مطابق ترقیاتی اخراجات اور دئیے جانے والے قرضوں کا حجم 108 ارب 96 کروڑ روپے رہا۔

مزیدخبریں