امریکا: شاپنگ مال میں فائرنگ، 2 افراد زخمی، حملہ آور ہلاک

09:48 PM, 23 Nov, 2018

واشنگٹن: امریکی ریاست الاباما کے شاپنگ مال میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوئے جبکہ پولیس اہلکار نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 18 سالہ حملہ آور کو ہلاک کردیا۔امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حملہ آور الاباما کے علاقے ہوور میں واقع ریوچیس گیلیرا شاپنگ مال میں داخل ہوا اور اُس نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔

رپورٹ کے مطابق شاپنگ سینٹر میں بلیک فرائیڈے کی وجہ سے خریداروں کا کافی زیادہ رش تھا اسی وجہ سے فائرنگ کے بعد بھگدڑ بھی مچی جس کے نتیجے میں متعدد لوگ زخمی ہوئے جبکہ حملہ آور کی گولیاں لگنے سے 2 افراد زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا۔

شاپنگ مال میں ڈیوٹی پر تعینات سیکیورٹی محافظ اور پولیس اہلکار نے جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں حملہ آور ہلاک ہوگیا،انتظامیہ نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر شاپنگ مال کو تاحکم ثانی بند رکھنے کا اعلان کردیا۔

پولیس افسر گریک ریکٹر کا کہنا تھا کہ حملے کا آغاز کس طریقے سے ہوا اور حملہ آور کیسے شاپنگ مال میں داخل ہوا اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، ہلاک ہونے والے دہشت گرد کی عمر 18 برس تھی جس کی شناخت ابھی خفیہ رکھی گئی ہے۔

یاد رہے کہ امریکا کی مختلف ریاستوں میں گزشتہ کئی ماہ سے پرتشدد واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے، گزشتہ دنوں ایک سفید فام امریکی شہری نے ہی یہودی عبادت گاہ پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں متعدد لوگ ہلاک ہوگئے تھے۔

مزیدخبریں