لاہور: قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کا عبرتناک انجام دنیا دیکھے گی،سانحہ کے ماسٹر مائنڈ کی رسوائی ابھی ابتداء ہے ، بے گناہوں کا خون بہانے والے اس دنیا میں بھی سزا بھگتیں گے اور آخرت میں بھی ان قاتلوں سے بہائے جانے والے معصوم خون کے قطرے قطرے کا حساب لیا جائے گا۔شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء نے عزم واستقامت کی نئی مثال رقم کی، کوئی فرعون انہیں خرید سکا اور نہ ڈرا دھمکا سکا۔
ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہید میاں عمر صدیق کے بڑے بھائی میاں احمد صدیق کی دعوت ولیمہ میں شرکت کی اور اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ کہ ہم پہلے دن سے ہی غیر جانبدار تحقیق کے لیے نئی جے آئی ٹی کا مطالبہ کر رہے ہیں جس پر کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے، اگر قاتل برادران سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث نہیں ہیں تو پھر وہ غیر جانبدار تحقیقات سے خوفزدہ کیوں ہیں؟جلد سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کا عبرتناک انجام دنیا دیکھے گی.
انہوں نے کہا کہ انصاف کے لیے سپریم کورٹ سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں، ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ شہدائے کے ماڈل ٹاؤن کے لواحقین نے قاتل حکمرانوں کی طرف سے کروڑوں روپے کی پیش کش ٹھکرا کر ثابت کیا کہ شہیدوں کے خون کی قیمت نہیں ہوتی، ہمیں شہدائے ماڈل ٹاؤن کی قربانیوں پر فخر ہے، قربانیاں دینے والے کارکن عظیم ہیں، ان کی قربانیاں آب زر سے لکھے جانے کے قابل ہیں.
ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ دینی و قومی جذبے سے سرشار کارکنوں نے ملک و قوم کے لیے قربانیاں دیں،انہوں نے کہا کہ مجھے تو دور کی بات شہیدوں کے والدین اور بچوں کے عزم کو بھی متزلزل نہیں کیا جاسکتا کیونکہ ان کی قربانیاں کسی دنیاوی عہدے کے لیے نہیں مخلوق خدا کے لیے ہیں، قاتل سن لیں وہ سزا سے نہیں بچ سکیں گے، ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کے خون کا حساب لینے کے لیے قانونی جنگ لڑ رہے ہیں اور آخری سانس تک لڑتے رہیں گے، میں نے اپنے کارکنوں کو صرف امن کی تعلیم دی ہے، کوئی خوف یا لالچ نہ انہیں ڈرا سکتا ہے نہ جھکا سکتا ہے۔