اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں چینی قونصلیٹ کے باہر حملے اور فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا۔وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ حملے کے پیچھے موجود عناصر اور محرکات کو فوری بے نقاب کیاجانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ حملہ پاک چین معاشی اور اسٹریٹیجک تعاون کے خلاف سازش ہے، لیکن اس طرح کے واقعات دونوں ملکوں کے تعلقات کو متاثر نہیں کرسکتے۔ پاک چین دوستی ہمالیہ سےبلند اور سمندروں سے گہری ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پولیس اور رینجرز نے انتہائی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مستعدی کے ساتھ دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنایا جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔
واضح رہے کہ 3 دہشت گردوں نے آج صبح کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع چینی قونصل خانے پر حملے کی کوشش کی، جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بناتے ہوئے تینوں حملہ آوروں کو ہلاک کرکے ان کے قبضے سے خودکش جیکٹس اور اسلحہ برآمد کرلیا۔
دوسری جانب کارروائی میں 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک سیکیورٹی گارڈ زخمی بھی ہوا تاہم قونصل خانے کا چینی عملہ واقعے میں بالکل محفوظ رہا۔