سارہ اور ابراہیم چھوٹی ماں کہہ کر پکاریں گے تو تعجب ہوگا:کرینہ کپور

11:48 AM, 23 Nov, 2018

ممبئی:بالی ووڈ کی ’بے بو‘ اور چھوٹے نواب سیف علی خان اہلیہ کرینہ کپور نے کہا ہے کہ وہ اپنے شوہر کے سوتیلے بچوں کی ماں نہیں بن سکتیں۔

کرینہ کپور کا کہنا تھا کہ چوں کہ سارہ علی خان اور ابراہیم علی خان کی ماں امریتا سنگھ ایک بہت ہی اچھی والدہ ہیں، اس لیے وہ ان کی جگہ نہیں لے سکتیں، البتہ اپنے سوتیلے بچوں کی مشکل وقت میں مدد کر سکتی ہیں۔کرینہ اور ان کی سوتیلی بیٹی کی عمر میں 13 سال کا فرق ہے-

اپنے ایک انٹرویو میں کرینہ کپور نے کہا کہ میں سوتیلے بچوں کی ماں نہیں دوست بن سکتی ہوں-انہوں نے بتایا کہ انہیں تعجب ہوگا کہ اگر 25 سالہ سارہ علی خان اور 17 سالہ ابراہیم علی خان انہیں چھوٹی ماں کہ کر پکاریں۔

کرینہ کپور نے واضح کیا کہ وہ سارہ علی اور ابراہیم علی خان کی اچھی دوست تو بن سکتی ہیں، تاہم ان کی ماں نہیں بن سکتیں۔خیال رہے کہ سارہ علی اور ابراہیم علی اداکار سیف علی خان کے بڑے بچے اور ان کی پہلی بیوی اداکارہ امریتا سنگھ کے بچے ہیں۔

سیف علی خان اور امریتا سنگھ نے 1991 میں شادی کی جو 2004 میں طلاق پر ختم ہوئی۔ان کی بیٹی سارہ علی خان کی پہلی فلم ”کیدر ناتھ“ آئندہ ماہ دسمبر میں ریلیز ہوگی، جب کہ بیٹے ابراہیم علی خان کے حوالے سے خبریں ہیں کہ وہ بھی جلد ہی فلم انڈسٹری کا حصہ بننے والے ہیں۔

سیف علی خان نے کرینہ کپور سے 2012 میں شادی کی اور 2016 میں ان کے ہاں بیٹا تیمور علی خان ہوا جو اس وقت 2 سال کا ہے۔

مزیدخبریں