ابو ظہبی: جمال خاشقجی کے قتل کے بعد سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پہلے غیر ملکی دورے پر عرب امارات پہنچ گئے۔ ابو ظہبی میں ولی عہد محمد بن زاید النہیان نے ان کا استقبال کیا۔
سعودی نیوز ایجنسی کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان دیگر ممالک کا دورہ بھی کریں گے اور منگل کو تیونس پہنچیں گے۔ سعودی ولی عہد شاہ سلمان کی ہدایت پر برادر ملکوں کا دورہ کر رہے ہیں۔
شہزادہ محمد اگلے ہفتے ارجنٹائن میں ہونے والے جی ٹوئنٹی سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ترک صدر رجب طیب اردوان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اجلاس کے موقع پر ترک صدر اور سعودی ولی عہد سے ملاقات ہو سکتی ہے۔
ادھر ڈنمارک کے وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ڈنمارک نے صحافی جمال خاشقجی کے قتل اور یمن جنگ کے باعث سعودی عرب کو ہتھیاروں کی برآمد روک دی ہے۔
ڈینش وزیر خارجہ کے مطابق یہ فیصلہ یورپی یونین کی وزارئے خارجہ کانفرنس کی روشنی میں کیا گیا۔فرانس نے بھی جمال خاشقجی کے قتل کے معاملے پر 18 سعودی شہریوں پر سفری اور دیگر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔