بھارتی وزیر نے کینسر کی وجہ گناہوں کو قرار دیدیا

11:39 PM, 23 Nov, 2017

نیوویب ڈیسک

نئی دہلی: بھارت کی ریاست آسام کے وزیرِ صحت نے کینسر کے مرض کو مریض اور اس کے والدین کے گناہوں پر خدائی انصاف قرار دیدیا۔

آسام کے وزیر صحت ہمانتا بسوا شرما نے گوہاٹی میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کینسر کو مریض کے ماضی کے گناہوں کا نتیجہ قرار دیا۔ہمانتا بسوا شرما نے کہا کہ خدا ہمیں اس وقت مشکل میں ڈالتا ہے جب ہم گناہ کرتے ہیں، بعض اوقات نوجوانوں کو بھی کیسنر ہوجاتا ہے اور لوگ حادثات کا شکار ہو جاتے ہیں تاہم اگر ہم اس کی وجوہات کا جائزہ لیں تو ہمیں پتہ چلے گا کہ یہ خدا کی طرف سے انصاف کے سوا کچھ بھی نہیں ہے۔

بھارتی وزیر کی جانب سے اس بیان کے بعد مریضوں، ان کے رشتہ داروں اور اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ریاستی وزیر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔حزب اختلاف کی جماعتوں نے ہیمانتا بسوا شرما کے بیان کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے وزیر صحت سے عام معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ریاست کی مرکزی اپوزیشن جماعت آل انڈیا یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ کا کہنا ہے کہ وزیر صحت نے یہ بیان کینسر کے بڑھتے ہوئے مرض کو روکنے میں ناکامی کو چھپانے کے لیے دیا۔

انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کے مطابق کم علمی کے باعث صرف 12 اعشاریہ 5 فیصد لوگ ابتدائی سطح کے کینسر کے علاج کے لیے آتے ہیں۔آئی سی ایم آر کے مطابق اگر یہی صورت حال رہی تو 2020 تک بھارت میں کینسر کے مریضوں کی تعداد میں 25 فیصد تک اضافہ ہو جائے گا۔

مزیدخبریں