ڈھاکہ : بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے 6 رہنماوں کو موت کی سزا سنادی گئی۔ ان رہنماوں کو 1971 میں پاکستان سے آزادی کے دوران مبینہ طور پر انسانیت کے خلاف جرائم کے الزام میں سزا سنائی گئی۔
تفصیلات کے مطابق سزائے موت پانے والوں کی شناخت ابو صالح محمد عبدالعزیز میاں، روح الامین عرف منجو، ابومسلم محمد علی، عبدالطیف، نجم الہدا اور عبد الرحیم میاں شامل ہیں۔مجرمان میں سے عبدالطیف اس وقت جیل میں ہیں جبکہ دیگر مفرور ہیں۔جسٹس محمد شاہین الاسلام کی سربراہی میں بین الاقوامی جرائم کے ٹربیونل ’ون‘ کے تین رکنی پینل نے فیصلہ سناتے ہوئے انسپیکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) اور وزارت داخلہ کو مفرور مجرمان کی جلد گرفتاری کی ہدایت کی۔
مجرمان کو ذیلی ضلع گائے بندھا صدر کے گاوں موجامالی میں ہندو شخص کو لوٹنے اور قتل کرنے، چھترا لیگ کے رہنما کے قتل اور ضلع کے قصبے سندر گنج کی پانچ یونینز کے 13 چیئرمین و اراکین کو قتل کرنے تین الزامات کا سامنا تھا۔
یاد رہے کہ گذشتہ سال بھی جماعت اسلامی کے امیر 72 سالہ مطیع الرحمان نظامی کو سن1971 کی جنگ آزادی کے دوران جنگی جرائم کے ارتکاب پر پھانسی دے دی گئی تھی۔