اسلام آباد:قومی احتساب بیورو کے چیئر مین جسٹس (ر)جاوید اقبال نے بلوچستان کے کوٹہ پر مبینہ طورپر وفاقی حکومت کے مختلف محکموں میں بلوچستان کے مبینہ طورپر جعلی ڈومیسائل پر بھرتیوں سے متعلق رپورٹس کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ سے بلوچستان کے ڈومیسائل پر بھرتی ہونے والے افسران ٗ اہلکاروں کی رپورٹ طلب کی ہے تاکہ جعلی ڈومیسائل کے اجراء کے بارے میں مزید تحقیقات کی جاسکیں جو ذمہ داری کا تعین کر نے کیلئے ضروری ہے ۔
چیئر مین نیب جسٹس جاوید اقبال نے آغاز حقوق بلوچستان پیکج کے تحت وفاقی حکومت کے مختلف محکموں میں بھرتی ہونے والے افسران ٗ اہلکاروں کی رپورٹ بھی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ سے طلب کرتے ہوئے کہاکہ آغاز حقوق بلوچستان پیکج کے تحت کتنی آسامیوں کی وفاق اور صوبہ بلوچستان سے بھرتی کی منظوری دی گئی ۔ کتنے افراد وفاق اورصوبہ بلوچستان میں تعینات کئے گئے اور کتنی آسامیاں ابھی تک خالی ہیں اور خالی آسامیوں پر آغاز حقوق بلوچستان پیکج کے تحت اب تک بھرتیاں کیوں نہیں کی گئیں ۔