اسلام آباد: امریکہ میں ہر سال نومبر کی چوتھی جمعرات کو "تھینکس گوونگ ڈے " منایا جاتاہے ۔اس دن کو ایک جانور ٹرکی کی وجہ سے "ٹرکی ڈے " بھی کہا جاتاہے ۔ تھینکس گوونگ ڈے کی ابتداء 1621 سے ہوئی تھی ۔
اس دن امریکہ ، کیننڈا ، کریبین لائبیریا کے علاقوں میں چھٹی ہوتی ہے ، اس کا مقصد شجرکاری اورزراعت کی کا شت شروع کرنے اور سال کے بہتر آغاز کے لیے باقاعدہ شکرانہ ادا کیا جاتاہے ، تا کہ اگلہ سال خوشیوں سے بھر ا ہو۔
1621 سے لیکر 1857 تقریباََ تمام جانوروں سمیت پھل تقریب کا حصہ ہوتے تھے ۔تاہم 1857کے بعد سے لیکر آج تک ٹرکی کو اس دن پکایا اور کھایا جاتاہے ،
اس تہوار کو امریکی معاشرے میں انتہائی اہم مقام حاصل ہے۔ زیادہ تر امریکی اس موقع کو اپنے خاندان اور عزیزواقارب سے ملنے ، ان کے ساتھ کچھ وقت گذارنے اور مل بیٹھ کر کھانا کھانے کا ایک ذریعہ سمجھتے ہیں۔ چنانچہ تھینکس گوونگ کی تعطیلات میں امریکی بڑے پیمانے پر سفر کرتے ہیں اور شاہراہوں پر گاڑیوں کی خوب بھیٹر بھاڑ کے مناظرعام دکھائی دیتے ہیں۔
تھینکس گوونگ کا ٹرکی سے گہرا تعلق ہے۔ ٹرکی مرغ کی قسم کا ایک بڑا پرندہ ہے جس کا وزن 15 سے 20 پونڈ اور بعض اوقات اس سے بھی زیادہ ہوتاہے۔ تھینکس گوونگ پر کھانے کی میز پر سب سے نمایاں ڈش ٹرکی ہوتی ہے اور اس تہوار کے موقع پر امریکہ بھر میں لاکھوں ٹرکی قربان کیے جاتے ہیں ، جب کہ علامتی طورپر امریکی صدر وہائٹ میں ایک خصوصی تقریب میں ایک ٹرکی کی جان بخشی کرتے ہوئے اسے آزاد کرتے ہیں۔
امریکہ میں تھینکس گوونگ کا ابتدا 1621ء میں ہوئی۔ تاریخ کے مطابق اس سال ستمبر میں ایک چھوٹا بحری جہاز جس کا نام ’’مے فلاور‘‘ تھا، 102 مسافروں کو لے کر انگلستان کی بندرگاہ پلی متھ سے روانہ ہوا۔ جہاز کے مسافر ایک ایسی دنیا کی تلاش میں جارہے تھے جہاں وہ یکسوئی کے ساتھ عبادت کرسکیں اور سکون سےاپنی زندگیاں گذار سکیں۔
مے فلاور 66 دن کے سفر کے بعد اس امریکی ساحل پر لنگرانداز ہوا جسے اب نیویارک کہاجاتا ہے۔ ایک ماہ بعد بحری جہاز دریائے ہڈسن سے ہوتا ہوا جھیل مسیاچوسٹس میں داخل ہوا اور وہاں مسافروں نے پلی متھ کے نام سے ایک چھوٹی سی بستی کی بنیاد رکھی۔
نئی سرزمین پر ان کے لیے پہلی سردیاں بہت بھاری ثابت ہوئیں۔ جب مارچ میں نئی کونپلوں اور پھولوں نے موسم بہار کی نوید دی تو ان میں سے نصف ہی یہ منظر دیکھنے کے لیے زندہ بچے تھے۔ باقی شدید سردی اور مختلف بیماریوں کا نشانہ بن گئے تھے۔
اسی دوران ان کا رابطہ ایک مقامی انڈین قبیلے کے ایک فرد سکانتو سے ہوا جو انگریزی بھی جانتا تھا ۔ کیونکہ وہ کچھ عرصہ ایک برطانوی بحری جہاز کے کپتان کے ساتھ رہ چکا تھا۔
سکانتو نوواردوں کے لیے ایک نعمت ثابت ہوا۔ اس نے نہ صرف انہیں مقامی قبیلے کے ساتھ خوشگوار تعلقات قائم کرنے میں مدد دی بلکہ انہیں مقامی بیماریوں سے بچاؤ، مکئی اور دوسری اجناس کی کاشت اور اپنے تحفظ کے طور طریقے بھی سکھائے۔
نومبر1621ء میں نئے امریکیوں نے اپنی بوئی ہوئی مکئی کی پہلی فصل کی کٹائی کی۔ اس موقع پر ان کے گورنر ولیم بریڈفورڈ نے ایک ضیافت کا اہتمام کیا، جس میں اس نے مقامی انڈین قبیلے کے سربراہ میساسوئٹ سمیت متعدد افراد کو مدعو کیا۔ بعض مورخوں کے مطابق یہ ضیافت تین دن تک جاری رہی اور وہ تقریب گویا اس طرح سے پہلا تھیکنس گوونگ تھا۔ جس میں خدا کی دی ہوئی نعمتوں کا شکرانہ ادا کیا گیا اور مقامی قبائل کے ساتھ مل جل کررہنے کا عزم کیا گیا۔
چونکہ اس دور کی بہت کم معلومات محفوظ ہیں اور یہ علم نہیں ہے کہ ضیافت میں کیا کچھ پیش کیا گیا تھا، تاہم روایت یہ ہے کہ اس میں ٹرکی کےگوشت ، مکئی اور پھلیوں کی ڈشیں شامل تھیں۔ اور شاید یہی وجہ ہے کہ ان چیزوں کو آج تھیکنس گوونگ کے ڈنر کا ایک لازمی حصہ سمجھا جاتا ہے۔
تھیکنس گوونگ کے موقع پر امریکہ میں عام تعطیل ہوتی ہے اور ملک بھر کے شہروں اور قصبوں میں قومی یکجہتی کے اظہار کے لیے پریڈیں ہوتی ہیں۔ اس سلسلے کی سب سے بڑی پریڈ نیویارک میں ہوتی ہے جس میں فن کار، معروف بینڈ، بڑے بڑے غبارے ، کارٹون کیریکٹرز اور فلوٹ شامل ہوتے ہیں۔ پریڈ کے ڈھائی میل لمبے راستے پر اسے دیکھنے کے لیے لاکھوں افراد موجود ہوتے ہیں۔
تھینکس گوونگ امریکہ میں گویا تعطیلات کے موسم کانقطہ آغاز ہے۔ یہ تہوار منانے کے بعد اکثر امریکی کرسمس کی تیاریوں میں مصروف ہوجاتے ہیں۔ تھیکنس گوونگ کے بعد دفتروں کی حاضری کم اور مارکیٹوں کی رونقیں بڑھ جاتی ہیں کیونکہ کرسمس پر اپنے عزیز واقارب اور دوست احباب کو تحفے تحائف دینا امریکی روایت کا ایک اہم حصہ ہے۔