دنیا کا امیر ترین کرکٹ بورڈ مہمان انگلش ٹیم کا مقروض ہو گیا

دنیا کا امیر ترین بھارتی کرکٹ بورڈ مہمان انگلش ٹیم کا ’مقروض‘ ہو گیا، ٹور پر موجود کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ابھی تک ڈیلی الاؤنس ہی ادا نہیں کیا.مجموعی رقم 80 ہزار پاؤنڈ تک جا پہنچی

06:43 PM, 23 Nov, 2016

نئی دہلی:  دنیا کا امیر ترین بھارتی کرکٹ بورڈ مہمان انگلش ٹیم کا ’مقروض‘ ہو گیا، ٹور پر موجود کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ابھی تک ڈیلی الاؤنس ہی ادا نہیں کیا.مجموعی رقم 80 ہزار پاؤنڈ تک جا پہنچی. بڑے نوٹوں پر پابندی کے باعث مقامی کھلاڑیوں کو 100، 100 روپے کی کرنسی میں ادائیگی ہو رہی ہیں. پلیئرز کی جیبیں نوٹوں سے پھولی رہتی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بی سی سی ائی اگرچہ دنیا کا امیر ترین کرکٹ بورڈ ہے تاہم لودھا پینل کی کڑی شرائط کے باعث وہ تقریباً مالی تنگ دستی کا شکار ہو چکا اسی وجہ سے ٹور پر موجود انگلش ٹیم کے اخراجات ادا کرنے تک کے لئے اس کے پاس رقم موجود نہیں ہے۔ باہمی پروٹوکول کے تحت میزبان ٹیم اور آئی سی سی آفیشلز کے طعام قیام اور سفری اخراجات کی مکمل ذمہ داری میزبان بورڈ پر ہوتی ہے. وہ روزمرہ کے اخراجات کے لیے بھی رقم ادا کرنے کا پابند ہوتا ہے۔ اگرچہ انگلش ٹیم کے پاس رقم کی کوئی کمی نہیں مگر ذرائع کا کہنا ہے کہ اصولی طور پر چونکہ میزبان بورڈ یہ رقم ادا کرنے کا پابند ہے اس لیے ٹیم کے ٹور منیجر فل نیل مسلسل بی سی سی آئی حکام سے رابطے میں ہیں. وہ پلیئرز اور آفیشلز کے لئے ڈیلی الاؤنس کی مدد میں واجب الادا رقم جلد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ اب تک 17 مہمان پلیئرز اور 16 اسٹاف ممبران کے 50 پاؤنڈ فی کس یومیہ الاؤنس اور دیگر اخراجات کی مد میں 80 ہزار پاؤنڈ واجب الادا ہو چکے ہیں۔

یاد رہے کہ ٹور کے آغاز سے قبل ہی بھارتی بورڈ کی جانب سے مہمان ٹیم مینجمنٹ پر مالی صورتحال واضح کر دی گئی تھی اسی لیے ابھی تک دونوں کے درمیان ٹور کے حوالے سے مفاہمت کی یاداشت پر بھی دستخط نہیں ہوئے۔ دوسری جانب بھارتی حکومت کی جانب سے 500 اور 1000 روپے کے نوٹ منسوخ ہونے کی وجہ سے بھارتی کھلاڑیوں اور آفیشلز کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، انھیں روزمرہ کے اخراجات کے لیے 100، 100 کے نوٹوں میں الاؤنس دیا جاتا اور کیش کی وجہ سے ان کی جیبیں پھولی رہتی ہیں۔ انگلش پلیئرز اپنے بلز کی ادائیگی کے لئے کریڈٹ کارڈز استعمال کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں