قاہرہ: مصر میں ایک مبلغ نے مہدی منتظر ہونے کا اعلان کرتے ہوئے تمام مسلمانوں سے اپنی بیعت کرنے کا مطالبہ کر کے اپنے پیروکاروں کو ورطہ حیرت میں مبتلا کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محمد عبداللہ النصر مصر کے ذرائع ابلاغ میں شیخ میزو کے نام سے شہرت رکھتا ہے۔
اس کے دعوے نے بہت سے شہریوں کو مشتعل کر دیا ہے اور وکلاء نے اس کے خلاف عدالتی کارروائی اور اس کے ذہنی توازن کا معائنہ کرانے کی درخواست بھی دے دی ہے۔ شیخ میزو نے اپنے فیس بک پیج پر ایک بیان جاری کیا کہ ” میں اعلان کرتا ہوں کہ میں امام مہدی ہوں، محمد بن عبداللہ جس کے بارے میں پیشنگوئیوں میں بتایا گیا تھا۔ میں انصاف کے ساتھ حکمرانی کرنے کیلئے آیا ہوں اور میں سنی، شیعہ سمیت اس دنیا کے تمام لوگوں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث کے متن کے تحت میرے ہاتھ پر بیعت کر لیں۔
النصر کا کہنا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے خطبات، کہ مہدی کا نام محمد بن عبداللہ ہو گا، کے مطابق کوئی شبہ نہیں رہتا کیونکہ میرا نام بھی ”محمد بن عبداللہ ہے۔“ یہ بیان سامنے آنے کے بعد بہت سے وکلاء نے مذکورہ مبلغ کے خلاف عدالتی کارروائی اور اس کے ذہنی توازن کے معائنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ڈاکٹر سمیر صابری نے العربیہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اٹارنی جنرل کو ایک درخواست دی ہے جس میں شیخ میزو کے خلاف کارروائی کیلئے ایک عدالت مقرر کرنے کی استدعا کی گئی ہے جس میں اس کے خلاف فراڈ اور مذہب کی توہین کرنے پر مقدمہ چلایا جائے گا۔“