نیو یارک: سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر کو اس وقت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جب اس کے اپنے سی ای او کا اکاونٹ خود بخود بند ہوگیا۔ گزشتہ رات گئے ٹویٹر صارفین حیران رہ گئے جب انہوں نے کمپنی کے سی ای او جیک ڈورسی کے اکائونٹ تک رسائی چاہی اور انہیں اس پیغام کا سامنا کرنا پڑ اکہ مطلوبہ اکاونٹ تک فی الحال رسائی ممکن نہیں۔
سوشل میڈیا پر فورا ہی افواہیں گردش کرنے لگیں کہ یا تو جیک کا اکاونٹ کسی ہیکر کی زد میں آگیا ہے یا پھر متعدد شکایات کی بنا پر کمپنی نے اسے ازخود بند کردیا ہے۔ کچھ دیر بعد جب اکاونٹ بحال ہوا تو ٹویٹر کے سی ای او نے ایک ٹویٹ کیا جس میں انہوں نے لکھا کہ اکاونٹ کی بندش ایک اندرونی نقص کے سبب عمل میں آئی۔ ان کے اس ٹویٹ سے کچھ صارفین میں بدد لی کی لہر دوڑ گئی جن کا کہنا تھا کہ ٹویٹر پہلے بھی کئی اکائونٹس ماضی میں بلا سبب بند کرچکا ہے۔
جیک کا اکاونٹ پوری طرح سے بحا ل نہیں ہو پایا ہے جس کی وجہ سے انہیں کچھ سروسز کی فراہمی معطل ہے۔ جب اکاونٹ بحال ہوا تو ان کے فالوورز کی تعداد محض 145 کے لگ بھگ تھی جو کہ رفتہ رفتہ بڑھ کر3.8 ملین تک چلی گئی جبکہ اکاونٹ کی بندش سے قبل ان کے فالوورز کی تعداد 3.9 ملین تھی۔