نیو یارک : اقوام متحدہ نے اپنی ایک تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ کرہ ارض کی آدھی سے زیادہ آبادی انٹرنیٹ سے منسلک نہیں۔ اس سال دنیا کی 84 فیصد آبادی کے پاس موبائل نیٹ ورک تک رسائی حاصل تھی لیکن حقیقت میں صرف 47 فی فیصد لوگ نیٹ ورک سے منسلک تھے۔ انٹرنیٹ کے اخراجات زیادہ ہونے کے باعث عام لوگ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کی استطاعت نہیں رکھتے۔
اقوام متحدہ کے ادارے انٹرنیشنل ٹیلی کمیونی کیشن یونین کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ موبائل فون استعمال کرنے کے اخراجات میں 2015ءکے دوران تیزی سے کمی ہوئی ہے۔ ان ملکوں میں جنہیں کم ترقی یافتہ کے دائرے میں شامل کیا جاتا ہے ان کے اخراجات 20 فیصد تک کم ہوئے ہیں لیکن اس کے باوجود اب بھی بہت سے ملکوں میں یہ اخراجات عام آدمی کی استطاعت سے زیادہ ہیں۔اقوام متحدہ کے مطابق انٹرنیٹ‘ موبائل فون اور آلات تک رسائی دنیا بھر کے لیے اہمیت رکھتی ہے اور اس سے تعلیمی معیار بلند کرنے‘ سماجی اور اقتصادی مقام کو بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے