پنجاب حکومت طلبا و طالبات کوجدید اور معیاری تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے:رانا مشہود

02:41 PM, 23 Nov, 2016

لاہور :صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت طلبا و طالبات کوجدید اور معیاری تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ہونہار طلبا و طالبات کیلئے رواں مالی سال جدید ترین ماڈل کے ڈیڑھ لاکھ لیپ ٹاپ خریدنے کی منظوری دے کر پنجاب حکومت کی تعلیم دوست پالیسیوں کو مزیدفروغ دیاہے جس سے طلبہ کی انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق استعداد کا رمیں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ کی تقسیم کا پروگرام پنجاب حکومت کا ایک احسن اقدام ہے۔ پنجاب حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور جدید علوم سے آگاہی دینے کیلئے ہر ممکن وسائل کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے۔صوبے کے سکولوں میں اربوں روپے کی لاگت سے آئی ٹی لیبز کا قیام پنجاب حکومت کے فروغ تعلیم کیلئے عملی کاوشوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔مسلم لیگ (ن)کے اراکین اسمبلی اور کارکنوں سے ملاقات کے دوران صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آف سٹاف ڈویلپمنٹ اور برٹش کونسل کے مشترکہ پروگرام کے تحت پنجاب کے سرکاری سکولوں کو دنیا بھر کے بہترین سکولوں سے منسلک کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کنکٹنگ کلاس رومز پروگرام کے تحت انٹر نیٹ کے ذریعے ہونہار طلبہ کیلئے دنیا بھر میں باہمی تجربات ، مشاہدات اور تعلیمی صلاحیتوں کا تبادلہ ممکن ہو گا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے تعلیمی ویژن کے تحت سکول ایجوکیشن میں انقلابی اصلاحات متعارف کروائی جا رہی ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈی ایس ڈی اوربرٹش کونسل کے اس مشترکہ پروگرام کے تحت پنجاب کے سکولوں کو دنیا بھر کے سکولوں سے منسلک کر کے تعلیمی معیاربہتربنانے میں مدد ملے گی ۔ رانا مشہود احمد خاں نے بتایا کہ سکول ایجوکیشن میں انقلابی اصلاحات متعارف کروائی جارہی ہیں تاکہ مستقبل میں ہمارے طلباء اپنے پیروں پر کھڑے ہو سکیں ۔اس پروگرام کے تحت سکولوں کے اساتذہ اور طلباء اپنے تعلیمی تجر بات اور صلاحیتوں کا براہ را ست تبادلہ کریں گے اور اور بیرون ممالک اساتذہ کے طریقہ تدریس کا مشاہدہ کریں گے۔ اس پروگرام کے تحت ڈی ایس ڈی اٹک، راولپنڈی،چکوال،جہلم،سرگودھا،خوشاب،گجرات،بہاولپور،رحیم یار خان،مظفر گڑھ، ملتان، لودھراں، خانیوال، وہاڑی،ساہیوال ،اوکاڑہ، فیصل آباد ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سیالکوٹ ، گوجرانوالہ،لاہور، قصور، شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب کے منتخب سکولوں کے ہیڈ ٹیچرزاور اساتذہ کی ٹریننگ کرے گا۔

مزیدخبریں