بھارت کی بزدلانہ کارروائیوں سے کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں ہونگے، راجہ فاروق حیدر خان

02:22 PM, 23 Nov, 2016

مظفرآباد: وزیرا عظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے ضلع نیلم میں بھارتی فورسز کی جانب سے مسافر بس کو نشانہ بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جس میں چار افراد شہید جبکہ سات زخمی ہوئے ہیں ۔

وزیر اعظم آزادکشمیر نے فائرنگ کے نتیجہ میں شہید ہونے والوںکے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے اور انکی بلندی درجات کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میںو زیر اعظم آزادکشمیر نے کہا ہے کہ بھارت کی بزدلانہ کارروائیوں سے کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں ہونگے۔انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر آباد سویلین پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہی ہے ۔بھارت اپنے مذموم مقاصد سے باز رہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ بھارت کی بوکھلاہٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔بھارت نہتے شہریوں پر فائرنگ کر کے ثابت کر رہا ہے کہ وہ تحریک آزادی کشمیر کو کامیاب ہوتا دیکھ کر حواس باختہ ہوچکا ہے۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد دی جائے اور متاثرین کی بحالی کے لیے تمام تر اقداما ت عمل میں لائے جائیں۔

مزیدخبریں