غیر معیاری ایل پی جی سلنڈروں کی خریدو فروخت پر پابندی عائد

01:04 PM, 23 May, 2024

لاہور: اوگرا نے غیر معیاری ایل پی جی سلنڈروں کی خریدو فروخت پر پابندی عائد کر دی۔

 
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پابندی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا، نوٹیفکیشن کے مطابق اوگرا نے غیر معیاری سلنڈروں میں ایل پی جی کی ری فلنگ کو غیرقانونی اور خطرناک قرار دے دیا۔

اوگرا نے ملک بھر میں 313 ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں اور غیر معیاری سلنڈر بنانے والی 19 کمپنیوں کو بھی نوٹسز جاری کر دیئے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اوگرا نے ایل پی جی کے کاروبار کے نئے ضابطہ اخلاق بھی جاری کر دیئے جس کے مطابق ایل پی جی کا کاروبار صرف مجاز ڈسٹری بیوٹر ہی کر سکیں گے، غیر مجاز ڈسٹری بیوٹرز کو ایل پی جی فروخت کرنے پر مارکیٹنگ کمپنیوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ غیرمعیاری سلنڈروں میں ایل پی جی فروخت کرنے والوں کے ساتھ ساتھ ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی، مانیٹرنگ کے تمام تر اختیارات ڈی سی اور اے سی کے پاس ہوں گے۔

اوگرا حکام کے مطابق غیر معیاری ایل پی جی سلنڈرز پھٹنے کے حادثات بہت بڑھ چکے تھے، کوئی قانون موجود نہیں تھا جو تھا اس پر عملدرآمد نہیں ہو رہا تھا۔

مزیدخبریں