سان فرانسسکو: واٹس ایپ نے میسج ایڈٹ کرنے کی سہولت متعارف کرادی ہے۔ صارفین واٹس ایپ میسجز بھیجنے کے بعد 15 منٹ تک اس میں ترمیم کر سکیں گے۔
میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پراعلان کیا کہ صارفین واٹس ایپ میسجز بھیجنے کے بعد اس میں 15 منٹ تک ترمیم کر سکیں گے۔ کمپنی نے کہا کہ اس فیچر کو عالمی سطح پر متعارف کرایا جا رہا ہے جبکہ اسی طرح کی سہولت ایپل کے i Messages پر پہلے ہی دستیاب ہے۔
پیغام کی ایڈیٹنگ کے لیے آپ کو کچھ دیر تک پیغام پر انگلی رکھنا ہوگی اور سلیکٹ ہونے کے بعد اوپر کی جانب عمودی لائنوں کو ٹچ کرنے پر ایڈٹ بٹن نمودار ہوجائے گا۔ اسے منتخب کرکے آپ پیغام کو ٹھیک کرسکتے ہیں اور تحریر کردہ غلطیوں کو دور کرسکتے ہیں۔ یہ کام میسج بھیجنے کے 15 منٹ کے اندر اندر کرنا ہی ممکن ہوگا۔
IT’S HERE ???? Message Editing is rolling out now.
— WhatsApp (@WhatsApp) May 22, 2023
You now get up to 15 minutes after sending a message to edit it. So you don’t have to worry if you duck it up ???? pic.twitter.com/JCWNzmXwVr
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق کمپنی کی طرف سے اس بات کی وضاحت کی گئی ہے کہ ترمیم شدہ میسج میں ٹائم اسٹیمپ کے ساتھ ایک "ترمیم شدہ" ٹیگ دکھایا جائے گا۔ دوسرے صارفین کو یہ تو معلوم ہو جائے گا کہ بھیجنے والے نے پیغام میں ترمیم کی ہے لیکن وہ ترمیم شدہ پیغامات کے پچھلے ورژن کو نہیں دیکھ سکیں گے۔