لاہور: احتساب عدالت لاہورمیں آمدن سے زائد اثاثہ جات انکوائری کیس میں سابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی عبوری ضمانت پر سماعت ہوئی، عدالت نے عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں 25 مئی تک توسیع کر دی ہے۔
احتساب عدالت کے جج سجاد احمد شیخ نے درخواست ضمانت پر سماعت کرتے ہوئے کہا کہ میں عثمان بزدار کو آخری موقع دے رہا ہوں، آپ نے عبوری ضمانت منظور کرائی تھی، آج ملزم کوپیش کرنا لازم تھا۔
عثمان بزدار کے وکلاء کی جانب سے جواب دیا گیا کہ عثمان بزدار کو سینے میں درد کی شکایت ہے، ڈاکٹر نے انہیں تین ہفتے کے لئے آرام کامشورہ دیا ہے۔
جسٹس سجاد احمد نے ریمارکس دیے کے آپ نے تماشا بنایا ہوا ہے کہ سینے میں درد کی وجہ سے ڈاکٹر نے انہیں تین ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے آپ اگر ایسی جعلی میڈیکل رپورٹس عدالت میں پیش کریں گے تو میں میڈکل بورڈ تشکیل کرنے کا حکم دے دیتا ہوں۔
عدالت نے نیب سے تفتیشی رپورٹ طلب کر لی جس پر نیب تفتیشی افسر کی طرف سے موقف آیا کہ نیب نے عثمان بزدار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کی انکوائری شروع کر رکھی ہے اور عثمان بزدار کو اثاثہ جات کی تفصیلات فراہم کرانے کا حکم بھی دیا ہوا ہے لیکن وہ تفتیش میں تعاون نہیں کر رہے ہیں۔
عدالت نے عثمان بزدار کی 25 مئی تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے وکلاء کو ہدایت کی کہ اگرعثمان بزدار نے نیب سے تعاون نہ کیا تو انہیں مزید کوئی ریلیف نہیں ملے گا۔