190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس؛ عمران خان نیب راولپنڈی میں پیش ہونے کے لئے روانہ

09:35 AM, 23 May, 2023

لاہور:عمران خان مختصر قافلے کے ساتھ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں نیب راولپنڈی میں پیش ہونے کے لئے لاہور سے اسلام آباد کے لئے روانہ ہو چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق عمران خان 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل (القادر ٹرسٹ کریپشن کیس) کے سلسلے میں  نیب راولپنڈی اور مختلف مقدمات میں انسداد دہشت گردی اسلام آباد کی عدالت میں پیش ہوں گے۔

 سابق وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ ان کی ذاتی سیکورٹی اور دیگر سیکیورٹی بھی ہے۔ جبکہ انکے ساتھ وکیلوں کی بڑی تعداد بھی اسلام آباد کے لیے روانہ ہوچکی ہے۔

 ذرائع کے مطابق نیب دفتر کے اطراف سیکیورٹی کی سخت انتظامات کر دیے گئے ہیں جبکہ ایف سی اور اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات ہے، رینجرز کو بھی نیب دفتر کے اطراف تعینات کردیا گیا۔ دوسری طرف راولپنڈی میں دفعہ 144 میں 28 مئی تک توسیع کر دی گئی ہے۔

           

گزشتہ روزچیئر مین پی ٹی آئی عمران خان نے سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا تھا کے جب وہ اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ہمراہ اسلام آباد روانہ ہوں گے تو انہیں گرفتار کر لیا جائے گا، انہیں نے مزید کہا تھا کہ اس ملک میں کوئی قانون نہیں ہے، موجودہ حکومت آج ان کو کسی بھی چیز پر دوبارہ گرفتار کر سکتی ہے۔ 

عمران خان نے دوبارہ گرفتاری کی صورت میں پی ٹی آئی کارکنوں کو ہنگامہ آرائی نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کارکنوں نے ہنگامہ کیا تو پی ڈی ایم کو بیانیہ ملے جائے گا۔ موجودہ حکومت پی ٹی آئی کارکنوں کے ہنگامے کو کریک ڈاؤن کے لئے استعمال کرے گی۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت جان بوجھ کے ملک میں ڈر کی فضا قائم کر رہی ہے، تاکہ دوبارہ گرفتاری پر لوگ احتجاج کے لئے نہ نکلیں۔ 

مزیدخبریں