راولپنڈی :سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے دو ٹوک اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 25 مئی کو دوپہر 2 بجے لال حویلی سے اسلام آباد لانگ مارچ کیلئے روانہ ہونگے ،کچھ بھی ہوجائے ہر صورت اسلام آباد پہنچیں گے ۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہر صورت 25 مئی کو اسلام آباد پہنچیں گے اگر لال حویلی میں رکاوٹیں ہوئیں تو کمیٹی چوک سے نکلیں گے ،کمیٹی چوک میں رکاوٹیں ہوئیں تو چاندنی چوک سے نکلیں گے ،اور اگر چاندنی چوک میں رکاوٹیں ہوئیں تو فیض آباد سے نکلیں گیں لیکن کچھ بھی ہو جائے ہر صورت اسلام آباد پہنچیں گے ۔
شیخ رشید احمد کا کہنا ہے موجودہ حکومت کے چالیس دن یعنی چالیسواں پورا ہوگیا ہے،25 ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنرز کو پنجاب میں 24 گھنٹوں میں تبدیل کیا گیا لیکن یہ عمران خان کے اسلام آباد لانگ مارچ کو نہیں روک سکتے ، 31 مئی سے پہلے اہم فیصلے آسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا حکومت فوج کو سیاست میں گھسیٹنے کی کوشش میں ہے، اتحادی آج کہیں گے کہ حکومت مدت پوری کرے گی تو بھی نہیں کرسکے گی، جی کا جانا ٹھہر گیا ہے ۔