اسلام آباد:تحریک انصا ف کے لانگ مار چ سے قبل ہی کارکنوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی ،حکومت نے پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کو نہ روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت اور اتحادیوں کے درمیان قانونی حدود میں رہتے ہوئے لانگ مارچ کی اجازت دینے پر اتفاق ہوا ہے،وزیر اعظم کیساتھ اتحادی جماعتوں کی ہونے والی ملاقات میں جہاں آصف زرداری نے تحریک انصاف کے سامنے گھٹنے نہ ٹیکنے کا دوٹوک فیصلہ کیا وہیں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ لانگ مارچ کے راستے میں کوئی رکاوٹیں حائل نہیں کرینگے ۔
پی ٹی آئی کے مارچ کو سری نگر ہائی وے تک محدود کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، تحریک انصاف سری نگر ہائی وے پر پرامن مارچ کرے گی تو رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی، اس سے آگے آنے کی صورت میں قانونی راستہ اپنایا جائے گا۔
حکومت اور اتحادیوں کے آج کے اجلاس میں پی ٹی آئی مارچ پر مزید مشاورت بھی ہوگی، جس میں نواز شریف وڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گے،ذرائع کے مطابق اجلاس میں آصف زرداری، فضل الرحمٰن اور اتحادی جماعتوں کے دیگر قائدین بھی شرکت کریں گے،اجلاس میں مریم نواز اور حمزہ شہباز بھی وڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گے۔