ملتان میں عطائی ڈاکٹر کی دوائی سے مرنے والے تین بچوں کے والدین کو بھی شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ

ملتان میں عطائی ڈاکٹر کی دوائی سے مرنے والے تین بچوں کے والدین کو بھی شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ
سورس: file photo

ملتان,   مظفر آبادکے علاقے میں مبینہ طور پر ہومیو پیتھک ڈاکٹر کی دوائی سے جاں بحق ہونے والے تین بہن بھائیوں کے والدین کو بھی شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

ڈی ایس پی عمران عارف سیال کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں کے والدین کا آپس میں اکثر جھگڑ رہتا تھا، دو ماہ قبل بچوں کی ماں شوہر سے لڑ جھگڑ کر گھر سے چلی گئی تھی جبکہ اب ایک ماہ بعد گھر لوٹی تو مذکورہ واقعہ پیش آیا۔

پولیس کے مطابق والدین سے واقعے کی تحقیقات کی جائیں گی کہ بچوں کو کہیں گھریلو ناچاقی کے باعث زہر تو نہیں دیا گیا؟ 

کیا بچوں کا والد جو دوائی ڈاکٹر سے لے کر آیا وہی دوائی بچوں کو کھلائی گئی؟ بچوں کا والد گھر کے قریبی ڈاکٹر کے پاس دوائی لینے کیوں نہیں گیا؟

پولیس کے مطابق تینوں بچوں کے نشتر اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد معدے کے اجزا پنجاب فرانزک لیب بھجوا دیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں باپ نے بچوں کو کھانسی ہونے پر اتائی کی دوا پلائی تھی جس کے بعد تینوں بہن بھائی خالقِ حقیقی سے جاملے تھے۔