سعودی عرب کا غیرملکیوں کو حج کی اجازت دینے کا فیصلہ

08:25 AM, 23 May, 2021

لاہور: سعودی عرب نے غیرملکیوں کو حج کی اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

اس حوالے سے  وزیر اعظم عمران خان  کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی اور مشرق وسطیٰ حافظ طاہر اشرفی نے بتایا کہ رواں برس 60 ہزار غیرملکی عازمین حج  کی سعادت حاصل کر سکیں گے،  انہوں نے سعودی حکومت کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا۔ 

انہوں نے مزید  بتایا کہ حج کے خواہشمند افراد کو میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا، خواہشمند افراد کو رپورٹ دینا ہو گی کہ 6 ماہ کے دوران بیمار نہیں ہوئے۔تاہم 18 سال سے کم عمر افراد حج نہیں کر سکیں گے۔

خیال  رہے کہ چند ماہ قبل سعودی  حکومت نے کورونا کے پھیلاؤ سے بچنے کیلئے رواں سال حج کی مشروط اجازت دی تھی۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت حج کے ترجمان  کا کہنا ہے کہ  ماہرین صحت صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، کورونا کے پھیلاؤ سے بچنے کیلئے رواں سال حج کی مشروط اجازت دی جا رہی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ  حفظان صحت کو یقینی بنانےکے لیے تمام اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جبکہ حج کے آپریشنل پلان کی تفصیل  سے بعد میں آگاہ کیا جائے گا۔

یاد  رہے کہ دو ماہ پہلے سعودی عرب  کی جانب سے واضح کیا گیا  تھا کہ عازمین حج کے لیے کورونا ویکسی نیشن لازمی قرار دی جائے گی۔

مزیدخبریں