پی ٹی ایم رہنما گلالئی اسماعیل کیخلاف مقدمہ درج

10:32 AM, 23 May, 2019

اسلام آباد: پشتون تحفظ موومنٹ کی رہنما گلالئی اسماعیل کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔ گلالئی اسماعیل کے خلاف شہری محمد ذیشان کی درخواست پر تھانہ شہزاد ٹاؤن میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق گلالئی اسماعیل نے فرشتہ زیادتی اور قتل کے واقعے کو حکومت کی طرف موڑنے کی کوشش کی ہے۔ ان کی تقریر پشتونوں کے دل میں ملک کے خلاف نفرت پیدا کرتی ہے جو بدنیتی اور جھوٹ پر مبنی ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق گلالئی اسماعیل نے ریاست مخالف تقاریر کیں جبکہ اپنی تقاریر میں عوام کو اداروں کے خلاف اُکسایا اور نفرت پیدا کی ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی کا کہنا ہے کہ معصوم بچیوں سے ظلم و زیادتی کی اجازت کوئی بھی مہذب معاشرہ نہیں دیتا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی ایم اور دیگر جماعتوں نے اس واقعے کو سیاست کی نذر کرنا چاہا اور ایسا رویہ انسانی تقاضوں کے منافی ہے۔ حکومت ہر ممکن یقین دہانی کراتی ہے کہ انصاف کے تقاضے جلد پورے ہوں گے۔

مزیدخبریں