اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نواز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پوری قوم میرے بیانیے سے متفق ہے اور اگلاالیکشن "ووٹ کو عزت دو " کے نعرے پر ہوگا۔
احتساب عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران نواز شریف نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گزشتہ روز پیش آئے واقعے کا ذکر کیا جس میں تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے بحث کے دوران وفاقی وزیر دانیال عزیز کو تھپڑ دے مارا تھا۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تھپڑ مار کلچر تحریک انصاف کا کلچر ہے جس کے ذمہ دار عمران خان ہیں۔
نواز شریف نے کہا کہ تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا میں کیا کام کیا وہ کوئی قابل ذکر کارنامہ بتا دیں۔ سوائے دھرنوں اور امپائر کی انگلی کی طرف دیکھنے کے پی ٹی آئی نے کیا کیا ہے۔
تحریک انصاف کے سو دن کے پلان کے سوال پر نواز شریف نے کہا کہ وہ پہلے بھی دے چکے ہیں لیکن عمل کیا کیا۔ پی ٹی آئی نے کہا تھا 300 ڈیم بنائیں گے کہاں ہیں ڈیم اور کہاں ہیں وہ درخت جو کہے تھے لگائیں گے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا '50 ہزار میگا واٹ بجلی کہاں ہے جو تحریک انصاف نے کہا تھا اور کہاں ہے نیا پاکستان۔کہاں ہے نیا خیبرپختونخوا؟۔
نواز شریف نے کہا کہ یو این ڈی پی کی رپورٹ کہہ رہی ہے کہ خیبرپختونخوا جنوبی پنجاب سے بھی پیچھے ہے۔ کے پی کا موازنہ جنوبی پنجاب سے کر کے دیکھ لیں۔